پاکستان اور چین کے تعلقات میں تعاون کے فروغ کے لیے مسلم لیگ ن کے 14 رکنی نوجوان رہنماؤں کا وفد چین پہنچ گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے وژن کے تحت وفد پاک چین تعاون کو نئی جہت دینے کے لیے چین کا دورہ کر رہا ہے۔ وفد کی قیادت رکن قومی اسمبلی رانا ارادت شریف خان کر رہے ہیں جبکہ پنجاب ینگ پارلیمنٹرینز فورم کی صدر اور رکن پنجاب اسمبلی آمنہ حسن شیخ بھی وفد میں شامل ہیں۔ وفد میں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین سلطان باجوہ، اسامہ فضل، رانا شہریار، حیدر سلطان، قاسم ندیم، رکن قومی اسمبلی عثمان اویسی اور شمائلہ رانا بھی شامل ہیں۔ 11 روزہ تربیتی پروگرام 3 دسمبر تک جاری رہے گا جس میں پاکستانی نوجوان رہنماؤں کو جدید طرز حکمرانی، چینی ترقیاتی ماڈل، معاشرتی نظام اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے حوالے سے تربیت دی جائے گی۔ پروگرام کے تحت وفد چین آسیان مصنوعی ذہانت مرکز، ہواوے کے علاقائی ہیڈکوارٹر اور روبوٹکس مراکز کا دورہ بھی کرے گا جبکہ جدید زراعت اور صحت کے مراکز کا مشاہدہ بھی پروگرام کا حصہ ہے۔ دورے کا مقصد پاکستانی نوجوان قیادت کو جدید ٹیکنالوجی اور بہتر حکومتی نظام کے تجربات سے روشناس کرانا ہے، تاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ڈیجیٹل ترقی، جدت اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پاکستان کی پائیدار ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔