شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق سمن آباد پولیس کا فیڈرل بی ایریا بلاک 18، گجر نالے کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا جس میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے ساتھی کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت امجد علی کے نام سے ہوئی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دوسرے گرفتار ملزم کی شناخت علیم رضا کے نام سے ہوئی جسے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔ دوسری جانب گڈاپ سٹی پولیس کا بھی مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت ابراہیم کے نام سے ہوئی، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔