ایکسپریس اردو
پنجاب تھیٹر ایکٹ 2026 کے خلاف فنکار میدان میں آگئے، منسوخی کا مطالبہ
پنجاب کے فنکاروں اور تھیٹر سے وابستہ شخصیات نے پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل 2026 کی مخالفت کرتے ہوئے گورنر پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بل کی منظوری روک کر اسے دوبارہ غور کے لیے پنجاب اسمبلی کو واپس بھجوائیں۔
فنکاروں کا کہنا ہے کہ مجوزہ قانون سے فنکارانہ آزادی اور اظہار رائے کا حق متاثر ہوگا۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے زیر اہتمام منعقدہ گول میز اجلاس میں شرکا نے بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فنکاروں کی لازمی رجسٹریشن، تھیٹر ہالز کے لائسنس اور پرفارمنس سے پہلے اسکرپٹ کی جانچ کے تقاضے تخلیقی آزادی محدود کرسکتے ہیں۔
اجوکا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ڈرامہ نگار شاہد ندیم نے کہا کہ بل کی منظوری سے پہلے اسے فنکاروں اور متعلقہ حلقوں کے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بل میں فحاشی اور بے حیائی جیسی مبہم اصطلاحات کے استعمال پر بھی سوالات اٹھائے۔
ایچ آر سی پی کے سیکریٹری جنرل حارث خلیق نے کہا کہ فنکارانہ اظہار کو رجسٹریشن اور لائسنسنگ سے مشروط نہیں کیا جانا چاہیے۔ فلم ساز کنول کھوسٹ نے بھی خدشہ ظاہر کیا کہ لازمی رجسٹریشن سے فنکاروں کے سیاسی اور صنفی اظہار پر پابندیاں عائد ہوسکتی ہیں۔
اجلاس کے شرکا نے کہا کہ فنکاروں کو حکومتی پالیسیوں پر تنقید، طنز اور اختلاف رائے کے ذریعے اظہار کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجوزہ بل کا آئین کے آرٹیکل 19 اور اظہار رائے کی آزادی سے متعلق پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی روشنی میں دوبارہ جائزہ لیا جائے۔ شرکا نے گورنر پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ بل پر دستخط نہ کریں اور اسے مزید غور کے لیے پنجاب اسمبلی کو واپس بھجوا دیں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.