شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 11-C ایک بار پھر بجلی کی بندش کے باعث تاریکی میں ڈوب گیا جس پر علاقہ مکینوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ادارے کے خلاف احتجاج کی دھمکی دے دی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ 25 روز بعد پانی کی فراہمی بحال ہوئی تو بجلی بند کردی گئی۔ مکینوں کے مطابق وہ آدھی رات تک پانی کا انتظار کرتے رہے اور جیسے ہی پانی آیا، بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ نارتھ کراچی کے رہائشیوں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بجلی بحال کی جائے بصورت دیگر ناگن چورنگی پر سڑک بلاک کرکے احتجاج کیا جائے گا۔