ایکسپریس اردو
اپنی چھت اپنا گھر؛ ایک لاکھ 35 ہزار گھر بن چکے، 5 سال میں 10 لاکھ گھر بنانے ہیں، مریم نواز
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت ملتان میں 25 ہزار افراد کو گھروں کی چابی دے دی اور کہا کہ ڈھائی سال میں تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار گھر بن چکے ہیں اور 5 سال میں 10 لاکھ گھر بنانے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ملتان میں اپنی چھت،اپنا گھر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی کامیابی پر دنیا نے بلا کر انعام اور اعزاز دیا، اپنی چھت،اپنا گھر کے اتنی زیادہ تعداد میں مالکان دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے بھائیوں اور بہنوں کی مشکور ہوں جنہوں نے عزت سے نوازا، تمام عمر کرایے کے گھر میں رہنے والوں کو اپنی چھت مبارک ہو، اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے بعد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے یہ پروگرام شروع کروایا۔
ان کا کہنا تھا کہ گھر سے نکلی تو قائد نوا زشریف نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر مالکان کو میری طرف سے بھی مبارک باد دینا اور ہدایت کی ہے کہ پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر نہیں بلکہ دس لاکھ گھر بنانے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ملتان اسٹیڈیم میں 25 ہزار اپنی چھت، اپنا گھرکے مالکان جیت کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئے ہیں، پچھلے ڈھائی سال میں تقریباًایک لاکھ 35 ہزار گھر بن چکے اور ڈیڑھ لاکھ گھر بننے کے قریب ہیں، اپنی چھت،اپنا گھر کے مالکان کے لیے 10 بڑے اسٹیڈیم بھی ہوں تو بھی بھر جائے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں سے وعدہ نہیں بلکہ وعدے سے وفا کا بتانے آئی ہوں، 2026 کی سردی میں ہزاروں خاندان اپنے گھر کے آنگن میں دھوپ سینکیں گے، اسٹیڈیم میں ایسے باپ بیٹے ہیں جن کی آدھی کمائی کرایوں میں چلی جاتی تھی، آج ان کی کمائی ان کے خاندان، گھر کے سامان بنانے میں صرف ہورہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کی آج خواب کی تعبیر پوری نہیں بلکہ میرا خواب پورا ہوا جو ایک سال پہلے ناممکن لگتا تھا، یہ گھر نہیں بلکہ ایک بہن کا اپنے بیٹی، ماں اور باپ کو تحفہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام جنوبی پنجاب نہیں، پنجاب نہیں، پاکستان کا نہیں، ایشیا کا بھی نہیں بلکہ دنیا کا سب سے بڑا سستا پروگرام ہے، آذربائیجان، مسقط، یواین ہیبی ٹیٹ نے تسلیم کیا کہ اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام دنیا کا لوکاسٹ ہاؤسنگ پروگرام ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر دنیا کے بڑے پروگراموں کے ریکارڈ توڑے گا اور دنیا اسے ایک مثال کے طور پر پیش کرے گی، بے گھر خاندان ہی دربدر، ہر ماہ سامان کو اٹھانا اور ہر سال کرایہ بڑھنے کی دشواری کو جانتے ہیں، بے گھر خاندان جتنا دوسروں کو گھر کا کرایہ دیتے تھے آج اس سے بھی کم قسط دے رہے ہیں، کرایہ کا گھر کبھی اس کا نہیں ہوتا آج اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کے تحت اپنے گھر کے مالک بن گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کہا جاتا تھا کہ ضمانت کے طور پر پلاٹ رکھ لیں لیکن مجھے اپنی عوام پر پورا بھروسہ تھا، اپنی چھت، اپنا گھر کے ڈھائی لاکھ خاندان میں سے ایک بھی ڈیفالٹر نہیں ہے، ہر روز پنجاب بھر میں خاندان کرایے کے گھروں کو چھوڑ کر اپنے گھروں میں شفٹ ہورہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت اگلے ڈھائی سالوں میں ہزاروں گھر بنانے کا اعلان کرتے کہا کہ منسٹر ہاؤسنگ، سیکریٹری ہاؤسنگ، سابق سیکریٹری، کیپٹن اسد، نورالامین مینگل کو شاباش دیتی ہوں، پھاٹا کے ذیشان سکندر، بینک پنجاب اور ظفر مسعود، مائیکروفنانس ایجنسی اور اخوت اور نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.