سعودی عرب میں دہشتگردی سے متعلق جرائم میں ملوث 5 سعودی شہریوں کو سزائے موت دے دی گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے ہفتہ 17 اکتوبر 2026 کو اپنے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر بیان میں تصدیق کی ہے کہ پانچوں مجرموں کو دہشتگردی کے سنگین جرائم میں ملوث ہونے پر موت کی سزا دی گئی۔ یہ ملزمان ایک غیر ملکی دہشتگرد تنظیم میں شامل تھے اور انہوں نے سعودی سیکیورٹی فورسز، سیکیورٹی ہیڈکوارٹرز اور گاڑیوں پر آتشیں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد سے فائرنگ کی۔ ان ملزمان پر اسلحہ اور زندہ گولہ بارود رکھنے، مملکت کے اندر دہشتگرد کارروائیوں کی مالی معاونت اور ان کی منصوبہ بندی میں مدد دینے کے الزامات بھی ثابت ہوئے۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ یہ سزائیں شریعت کے تحت تعزیری سزائے موت کے طور پر نافذ کی گئیں۔ عدالتی کارروائی مکمل ہونے اور تمام قانونی مراحل کے بعد فیصلے پر عملدرآمد کیا گیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب سزائے موت دینے والے بڑے ممالک میں شامل ہے اور زیادہ تر کیسز میں سزائے موت دینے کے لیے سر قلم کرنے کا طریقہ اپنایا جاتا ہے۔ دہشتگردی، سیکیورٹی فورسز پر حملے اور مملکت کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے جرائم پر سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔