ایکسپریس اردو
خیبر پختونخوا میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک، ٹی ٹی پی کمانڈر ساتھیوں سمیت فرار
سی ٹی ڈی کے ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا کے مطابق 23 نومبر 2026 کو پشاور ریجن کی اہم کارروائی کے دوران جانے خوڑ میرہ باچا خیل، تھانہ بڈابیر کے علاقے میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے ولد الماس، ساکن تیراہ، ضلع خیبر دیگر مسلح ساتھیوں سمیت موجود تھا۔
سی ٹی ڈی کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ مصدقہ اطلاع پر سی ٹی ڈی SWAT ٹیمیں جدید اسلحہ سے لیس ہوکر فوری طور پر جائے وقوع کی جانب روانہ ہوئیں، جہاں جوانوں نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی کے ساتھ پوزیشنیں سنبھالیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے جوانوں کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس پر جوانوں نے اپنی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر جوابی کارروائی کی۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا، جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔
فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک پائے گئے، جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ دوران آپریشن کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے دو تین ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 عدد کلاشنکوف، 2 عدد پستول، ایک عدد دستی بم، 6 عدد میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔ اس موقع پر بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔ بعد ازاں فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا نے ملک دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی پر جوانوں کو داد دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.