ایکسپریس اردو
نئی ماڈل جیل کے لیے پنجاب سے 58 افسران و اہلکاروں کی خدمات وفاق کے سپرد
پنجاب حکومت نے محکمہ جیل خانہ جات کے 58 افسران و اہلکار اسلام آباد بھیجنے کی منظوری دے دی۔
پنجاب کے 58 افسران و اہلکاروں کی خدمات ایک سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر وفاقی وزارت داخلہ کے سپرد کر دیں گئیں۔
اسلام آباد کی نئی ماڈل جیل کے انتظامی و سیکیورٹی امور کے لیے پنجاب سے عملہ طلب کیا گیا تھا جس کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 58 افسران و اہلکاروں کی وفاق میں تعیناتی کی منظوری دی۔
صوبائی حکومت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جس کے بعد اسلام آباد کی ماڈل جیل میں پنجاب کے تجربہ کار جیل افسران و اہلکار تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال کے مطابق وفاقی حکام نے اسلام آباد کی نئی جیل کے لیے پنجاب سے 90 سے زائد افسران و اہلکاروں کی خدمات مانگی تھیں۔ پنجاب کی جیلوں کی اپنی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 58 افسران و اہلکاروں کا انتخاب کیا گیا، ہوم سیکرٹری پنجاب کی تشکیل کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی نے 58 افسران و اہلکاروں کی ڈیپوٹیشن کی سفارش کی۔
پنجاب سے اسلام آباد بھیجے جانے والے عملے میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل، چیف وارڈر، ہیڈ وارڈر اور وارڈر شامل ہیں جبکہ اسلام آباد کی وفاقی جیل کے سپرنٹنڈنٹ پہلے ہی تعینات کیے جا چکے ہیں اور مزید 58 اہلکاروں کی تعیناتی کی تیاری ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی راولپنڈی ریجن رانا رؤف اسلام آباد جیل کے امور سے متعلق بریفنگ دے چکے ہیں، پنجاب اور وفاق کے درمیان جیل انتظامیہ کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی نئی ماڈل جیل کے افتتاح کی تیاریاں، پنجاب سے افرادی قوت کی فراہمی اہم پیش رفت ہے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.