یوکرین پر روس کے فروری 2022 میں شروع کیے گئے بھرپور حملے کے بعد سے اب تک 7 لاکھ سے زائد روسی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ روسی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کی جانب سے لیک ہونے والے سرکاری ڈیٹا کے تجزیے میں ہلاکتوں کی تعداد 4 لاکھ 70 ہزار سے 7 لاکھ کے درمیان بتائی گئی ہے، جبکہ بعض اندازوں کے مطابق لاپتا فوجیوں کو شامل کرنے کے بعد یہ تعداد 7 لاکھ 20 ہزار سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ روسی اپوزیشن میڈیا اداروں ’میڈیا زونا‘ اور ’میڈوزا‘ کے مطابق روسی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے ستمبر کے اختتام تک تقریباً 4 لاکھ 90 ہزار فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوتی ہے۔ تاہم جنگ میں لاپتا قرار دیے گئے ان فوجیوں کو بھی شامل کیا جائے جن کے ہلاک ہونے کا قوی امکان ہے تو مجموعی تعداد 7 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ بنتی ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ تجزیہ روسی ادارہ شماریات کے ہیک کیے گئے ڈیٹا، اموات کے اندراج میں تاخیر اور لاپتا فوجیوں کے رشتہ داروں کی جانب سے شائع کیے گئے تلاش کے اشتہارات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اندازہ ہے کہ تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار ایسی اموات بھی ہوچکی ہیں جنہیں تاحال سرکاری طور پر رپورٹ نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بدھ کو کہا کہ فوجی ہلاکتوں کے اعداد و شمار باضابطہ طور پر جاری کرنے کا اختیار صرف روسی وزارت دفاع کو حاصل ہے۔ انہوں نے دیگر ذرائع سے سامنے آنے والے اعداد و شمار کو نظرانداز کرنے کا مشورہ دیا۔ روس نے ستمبر 2022 کے بعد اپنی فوج کی ہلاکتوں کی سرکاری تعداد جاری نہیں کی۔ اس وقت ماسکو نے جنگ کے پہلے چھ ماہ میں تقریباً 6 ہزار فوجیوں کی ہلاکتوں کا اعتراف کیا تھا، تاہم اس تعداد کو بھی بڑے پیمانے پر اصل ہلاکتوں سے کم قرار دیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق روس نے فوج میں بھرتی کے لیے کم آمدنی والے علاقوں کے افراد کو بھاری مالی مراعات دیں، جیلوں میں قید افراد کو رہائی کے بدلے فوج میں شامل کیا اور 3 لاکھ سے زائد افراد کو جبری طور پر فوج میں بھرتی کیا۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سے بھی ہزاروں افراد کو بھرتی کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں، جبکہ شمالی کوریا نے بھی روسی فوج کی مدد کے لیے اپنے ہزاروں فوجی بھیجے۔ دوسری جانب یوکرینی فوج کو بھی بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جولائی میں تقریباً 50 ہزار یوکرینی فوجیوں کی ہلاکتوں کا بتایا تھا، جبکہ امریکی ادارے سینٹر فار اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز نے اسی ماہ ہلاک ہونے والے یوکرینی فوجیوں کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار سے ایک لاکھ 50 ہزار کے درمیان اور روسی فوجیوں کی ہلاکتیں تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار بتائی تھیں۔ ادھر برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی فضائیہ نے ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر رات کے وقت اپنے جنگی طیارے ہینگرز اور محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کرنا شروع کردیے ہیں۔ رائل ایئر فورس ایسے طیاروں کے گرد ڈرون مخالف حفاظتی جال لگانے کا منصوبہ بھی بنا رہی ہے جو کھلی جگہوں پر موجود رہتے ہیں۔ برطانوی خفیہ ادارے ایم آئی 5 اور وزارت دفاع نے رواں ماہ یوکرین کی مدد کرنے والے برطانوی فوجی سازوسامان کے سپلائرز کو روس کی جانب سے تخریب کاری کی بڑھتی ہوئی کوششوں سے خبردار بھی کیا تھا۔