ایکسپریس اردو
نوجوان کرکٹر کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان، سافٹ ویئر کمپنی میں ملازمت اختیار کرلی
آئرلینڈ کے لیگ اسپنر بین وائٹ نے 28 سال کی عمر میں پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا اور بتایا کہ انہوں نے سافٹ ویئرہاؤس میں ملازمت اختیار کرلی ہے۔
کرک انفو کی رپورٹ ک مطابق بین وائٹ نے آئرلینڈ کی جانب سے آخری بین الاقوامی میچ گزشتہ سال دسمبر میں کھیلا تھا۔ تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 43 بین الاقوامی میچز میں آئرلینڈ کی نمائندگی کی۔
بین وائٹ نے کرکٹ کے بعد سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کمپنی میں نئی ملازمت اختیار کرلی ہے۔
بین وائٹ نے جولائی 2021 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا اور انہیں آئرلینڈ کے لیے مستقبل کے اہم لیگ اسپنر کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔
انہوں نے 38 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں 36 وکٹیں حاصل کیں اور 2021، 2024 اور 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے آئرش اسکواڈ کا حصہ رہے، تاہم ان تینوں ایونٹس میں انہیں مجموعی طور پر صرف تین میچ کھیلنے کا موقع ملا۔ طویل فارمیٹس میں انہیں محدود مواقع ملے۔
انہوں نے 2023 میں دو ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچ کھیلے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو پر تین وکٹیں لینے کے بعد سری لنکا کے خلاف اگلے دو ٹیسٹ میچوں میں وہ زیادہ کامیاب نہ ہوسکے۔
بین وائٹ نے سماجی رابطے پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئرلینڈ کی نمائندگی کرنا، تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اور تین عالمی کپ مقابلوں کا حصہ بننا ان کے لیے باعث فخر رہے گا۔
انہوں نے کرکٹ آئرلینڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یادگار تجربات، قیمتی سبق اور زندگی بھر قائم رہنے والی دوستیاں ملیں۔
آئرلینڈ کے ہیڈ کوچ گیری ولسن نے بین وائٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی کارکردگی کے باعث یاد رکھے جائیں گے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.