ایکسپریس اردو
پاک چین دوستی، ستاروں سے آگے
کسی قوم کی تاریخ میں بعض لمحے ایسے بھی آتے ہیں جب اس کی جغرافیائی سرحدیں اپنی معنویت کھو دیتی ہیں اور اس کی نگاہیں زمین سے بلند ہوکر آسمان کی وسعتوں میں اپنا مستقبل تلاش کرنے لگتی ہیں۔ یہ محض بلندیوں کو چھونے کی خواہش نہیں ہوتی بلکہ علم، تحقیق، عزم اور اجتماعی صلاحیت کے ذریعے ناممکن دکھائی دینے والے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا اعلان ہوتا ہے۔
پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کی چین کے خلائی اسٹیشن تیان گونگ تک کامیاب رسائی بھی ایسا ہی ایک تاریخی لمحہ ہے، جس نے قومی افق پر امید کا ایک نیا چراغ روشن کیا ہے۔ شین ژو 24 انسانی خلائی مشن میں ایک پاکستانی خلا باز کی شمولیت اور اس کا بحفاظت خلائی اسٹیشن پہنچنا محض ایک انفرادی اعزاز نہیں بلکہ پاکستان کی سائنسی تاریخ میں ایک نئے عہد کا آغاز ہے۔ یہ کامیابی اس حقیقت کی علامت بھی ہے کہ اگر قومی ترجیحات میں علم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کو مناسب مقام دیا جائے تو ترقی کے وہ دروازے بھی کھل سکتے ہیں جنھیں کبھی ناقابلِ عبور سمجھا جاتا تھا۔
پاکستانی خلا باز کی یہ شرکت اس اعتبار سے بھی غیر معمولی ہے کہ وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے پاکستان نے مصنوعی سیاروں کی تیاری اور انھیں مدار میں بھیجنے کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا تھا، لیکن کسی پاکستانی شہری کی انسانی خلائی پرواز میں شرکت ایک بالکل مختلف اور بلند تر مرحلہ ہے۔ اس کامیابی نے قومی خلائی پروگرام کو ایک نئی جہت عطا کی ہے۔
اس تاریخی پیش رفت کا ایک اہم پہلو پاک چین تعلقات کی وہ وسعت ہے جو روایتی سفارت کاری، دفاعی اشتراک اور اقتصادی تعاون سے آگے بڑھ کر سائنس اور خلائی تحقیق تک پہنچ چکی ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے مشترکہ خلائی مہم کو دونوں ملکوں کی دیرینہ اور گہری دوستی کی نمایاں مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر خلا کے پُرامن استعمال اور خلائی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ دونوں ملکوں کے صدور کی جانب سے مبارک باد کا تبادلہ اس امر کا اظہار ہے کہ یہ مشن محض تکنیکی سرگرمی نہیں بلکہ باہمی اعتماد اور مشترکہ مستقبل کے تصور کی عملی ترجمانی بھی کرتا ہے۔
محمد ذیشان علی کا یہ کہنا کہ پاک چین دوستی اب کہکشاؤں تک پہنچ چکی ہے، محض جذباتی اظہار نہیں بلکہ بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں دونوں ملکوں کے اشتراک کی نئی سمتوں کی نشاندہی بھی ہے، تاہم اس اعزاز کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ پاکستان اس تاریخی لمحے کو محض قومی جشن تک محدود نہ رکھے بلکہ اسے اپنی سائنسی پالیسی، تعلیمی نظام اور تحقیقی ترجیحات میں بنیادی تبدیلی کا نقطہ آغاز بنائے۔ خلائی اسٹیشن تک پہنچنا یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے، لیکن اس مقام تک مسلسل رسائی حاصل کرنا، اپنی ٹیکنالوجی تیارکرنا اور عالمی سائنسی برادری میں مستقل کردار ادا کرنا اس سے کہیں زیادہ دشوار اور اہم مرحلہ ہے۔
چیئرمین سپارکو کے مطابق مشن کے لیے ملک بھر کی جامعات اور تعلیمی اداروں سے تقریباً تین سو سائنسی تجربات موصول ہوئے، جن میں سے چار کا انتخاب کیا گیا۔ یہ تفصیل پاکستان کے تعلیمی اداروں میں موجود تحقیقی استعداد کا ایک مثبت اشارہ ہے۔ اس سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ ملک میں ایسے نوجوان ذہن اور تحقیقی امکانات موجود ہیں جنھیں مناسب رہنمائی، جدید تجربہ گاہوں، مالی وسائل اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے سائنسی ترقی کی قوت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
ان منتخب تجربات کی کامیابی اور ان سے حاصل ہونے والے نتائج پاکستان کے لیے اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ خلائی تحقیق کا اصل مقصد محض زمین سے باہر پہنچنا نہیں بلکہ کائنات، مادے، انسانی جسم، حیاتیاتی نظام اور ٹیکنالوجی سے متعلق ایسے سوالات کے جواب تلاش کرنا ہے جن کے اثرات بالآخر زمینی زندگی پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔خلائی تحقیق کو اکثر ایک مہنگا اور محدود افادیت رکھنے والا شعبہ سمجھ کر نظرانداز کردیا جاتا ہے، حالانکہ جدید دنیا میں اس کے اثرات انسانی زندگی کے تقریباً ہر اہم شعبے تک پھیلے ہوئے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی نگرانی، قدرتی آفات کی پیش گوئی، زرعی پیداوار کا جائزہ، پانی کے ذخائر کی پیمائش، مواصلاتی نظام، نقشہ سازی، دفاعی نگرانی اور قدرتی وسائل کی شناخت میں خلائی ٹیکنالوجی بنیادی کردار ادا کررہی ہے۔
پاکستان جیسے ملک کے لیے اس شعبے کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے، جہاں سیلاب، خشک سالی، پانی کی قلت، زرعی مشکلات اور موسمیاتی تبدیلیاں قومی معیشت اور انسانی زندگی کو مسلسل متاثر کررہی ہیں۔ اپنے مصنوعی سیاروں، جدید ریموٹ سینسنگ، موسمیاتی مشاہدے اور جغرافیائی معلومات کے نظام کو مضبوط بناکر پاکستان نہ صرف قدرتی وسائل کے بہتر انتظام میں کامیاب ہوسکتا ہے بلکہ قومی سلامتی اور معاشی منصوبہ بندی کے لیے بھی قابلِ اعتماد معلومات حاصل کرسکتا ہے۔
اس تناظر میں سپارکو کی ذمے داری غیر معمولی طور پر بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران متعدد مصنوعی سیاروں کی خلائی روانگی اور اب انسانی خلائی مشن میں پاکستانی شرکت اس ادارے کی صلاحیتوں کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ تاہم کسی ادارے کی کامیابی کا اصل پیمانہ چند تاریخی مواقع نہیں بلکہ مسلسل کارکردگی، مقامی مہارتوں کی تیاری، تحقیق کے نتائج اور قومی ضروریات سے اس کی وابستگی ہوتی ہے۔ پاکستان کو چاہیے کہ خلائی تحقیق کے لیے طویل المدتی قومی حکمت عملی مرتب کرے، جس میں جامعات، نجی شعبے، صنعتی اداروں اور سائنسی مراکز کو ایک مربوط نظام کے تحت کام کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ تحقیق کے لیے مختص وسائل میں اضافہ، جدید تجربہ گاہوں کا قیام، انجینئرنگ اور مصنوعی ذہانت کی تعلیم کا فروغ اور نوجوان سائنس دانوں کے لیے بین الاقوامی تربیت کے مواقع اس حکمت عملی کے بنیادی اجزا ہونے چاہییں۔
پاکستان میں سائنسی صلاحیتوں کی کمی سے زیادہ مسئلہ ان صلاحیتوں کی عدم سرپرستی اور محدود مواقع کا ہے۔ ہر سال جامعات سے فارغ التحصیل ہونے والے ہزاروں طلبہ میں ایسے نوجوان موجود ہوتے ہیں جو جدید سائنسی علوم، انجینئرنگ، طبیعیات، ریاضی اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی میں عالمی سطح پر اپنی قابلیت منوا سکتے ہیں، مگر انھیں تحقیق کے لیے درکار وسائل، سازگار ماحول اور پیشہ ورانہ مواقع میسر نہیں آتے۔ نتیجتاً ذہین افرادی قوت بیرون ملک منتقل ہوجاتی ہے اور ملک اپنی ہی تیار کردہ صلاحیتوں سے محروم رہتا ہے۔ محمد ذیشان علی کی کامیابی اس صورت حال کو تبدیل کرنے کے لیے ایک غیر معمولی ترغیب بن سکتی ہے۔ ضروری ہے کہ ان کے سفر کو نوجوانوں کے لیے محض ایک متاثر کن داستان کے بجائے عملی تعلیمی اور سائنسی مواقع میں تبدیل کیا جائے۔
اسکولوں اور جامعات میں خلائی سائنس کے مطالعاتی پروگرام، سائنسی مقابلے، تحقیقی وظائف اور عملی تربیت کے منصوبے متعارف کرائے جائیں تاکہ مستقبل کے خلا باز، انجینئر اور سائنس دان محض خواب دیکھنے تک محدود نہ رہیں بلکہ انھیں اپنی منزل تک پہنچنے کا راستہ بھی میسر ہو۔اس مشن کے دوران محمد ذیشان علی اور ان کے چینی ساتھی خلائی اسٹیشن پر مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔ ان کا قیام تقریباً ایک ہفتے کے لیے مقرر ہے، جس کے دوران حاصل ہونے والی معلومات اور تجرباتی نتائج پاکستانی سائنسی اداروں کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ مشن کی تکمیل کے بعد ان نتائج کو جامعات، تحقیقی مراکز اور متعلقہ صنعتی شعبوں تک منتقل کرنے کا مربوط انتظام کیا جائے۔
محمد ذیشان علی کی کامیابی کا سب سے خوب صورت پہلو یہ ہے کہ اس نے پاکستان کے نوجوانوں کے سامنے امکانات کی ایک نئی دنیا کھول دی ہے۔ وہ نسل جو معاشی مشکلات، محدود مواقع اور غیر یقینی مستقبل کے باعث اکثر اپنے خوابوں سے دست بردار ہونے پر مجبور ہوجاتی ہے، اس کے لیے یہ واقعہ امید کا پیغام ہے کہ محنت، قابلیت اور درست مواقع انسان کو زمین کی حدود سے بہت آگے لے جاسکتے ہیں۔ مگر قومیں صرف اپنے ہیروز پر فخر کرکے ترقی نہیں کرتیں، انھیں ایسے نظام بھی تعمیر کرنا پڑتے ہیں جو ہر آنے والے نوجوان کو کامیابی کے یکساں مواقع فراہم کرسکیں۔
پاکستان کے پہلے خلا باز کی یہ پرواز اختتام نہیں، ایک نئے سفر کا نقطہ آغاز ہونی چاہیے۔ آج محمد ذیشان علی نے خلائی اسٹیشن تک پہنچ کر قومی پرچم کو ایک نئی بلندی سے روشناس کرایا ہے، کل یہی پرچم کسی پاکستانی سائنس دان، انجینئر یا خلا باز کی اپنی تخلیق کردہ ٹیکنالوجی کے ساتھ خلا میں نمایاں ہوسکتا ہے۔ اس خواب کی تعبیر کے لیے ضروری ہے کہ قومی وسائل کا رخ علم کی طرف موڑا جائے، تحقیق کو ترجیح دی جائے اور نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کیا جائے۔ ستاروں تک پہنچنے کا راستہ زمین پر مضبوط تعلیمی بنیادوں سے ہوکر گزرتا ہے، اگر پاکستان اس تاریخی کامیابی کو قومی سائنسی انقلاب کی بنیاد بنا لے تو محمد ذیشان علی کا نام صرف پہلے پاکستانی خلا باز کی حیثیت سے نہیں بلکہ اس عہد کے آغاز کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب پاکستان نے خواب دیکھنے کے ساتھ انھیں حقیقت میں بدلنے کا عزم بھی کرلیا تھا۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.