ایکسپریس اردو
لاہور: جعلی نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن، چار ہزار مقدمات درج
لاہور پولیس کی جانب سے جعلی نمبر پلیٹس اور شناخت چھپانے والے عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے آن لائن کھلی کچہری کے دوران فیس بک لائیو کے ذریعے شہریوں سے براہِ راست رابطہ کیا اور پولیس اقدامات سے آگاہ کیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے جرائم پیشہ عناصر اپنی شناخت چھپا کر وارداتیں کرتے اور فرار ہو جاتے تھے۔ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی اور جرائم کی روک تھام کے لیے لاہور پولیس نے بھرپور کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 4 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
فیصل کامران نے کہا جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر مانیٹرنگ کے ذریعے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری میں مدد مل رہی ہے۔ جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائیوں کا بنیادی مقصد جرائم پیشہ عناصر کے لیے شناخت چھپانے اور قانون سے بچ نکلنے کے راستے بند کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے ان کارروائیوں پر تنقید کی جا رہی ہے، حالانکہ جرم چھوٹا ہو یا بڑا، جرم ہی ہوتا ہے۔ قانون کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی اور قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ قانون پسند شہری ان اقدامات کو سراہ رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ شناخت چھپانے کے خلاف کارروائیاں جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ قانون کی پاسداری سب پر لازم ہے۔
آن لائن کھلی کچہری میں شادباغ کے شہریوں نے لڑائی جھگڑوں اور منشیات فروشی کی شکایات پیش کیں، جبکہ کاہنہ میں آئس سمیت دیگر منشیات کی فروخت کی نشاندہی بھی کی گئی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے متعلقہ افسران کو شکایات کی جانچ اور فوری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشی بالخصوص آئس کا کاروبار نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور ان کے ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو ذمہ داریاں سونپی جا رہی ہیں۔
فیصل کامران نے مزید کہا کہ آن لائن کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو براہِ راست اپنی شکایات اور تجاویز پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ عوامی آراء کی روشنی میں مسائل کی نشاندہی، متعلقہ افسران کو احکامات اور کارروائی پر پیش رفت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
شہریوں کی تجاویز پولیسنگ کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ اور لاہور کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.