شہر قائد کے گلشن معمار میں قائم نجی اسپتال کے کلینک میں داخل ہوکر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ڈاکٹر کو قتل کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق گلشن معمار میں قائد اعظم پارک کے قریب قائم نجی کلینک میں فائرنگ کے واقعے میں پچاس سالہ کاشف شدید زخمی ہوئے جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین کو محفوظ کیا جبکہ زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔ ایس ایچ او گلشن معمار محمد علی نیازی نے کہا کہ ایک ملزم نے کلینک میں گھس کر ڈاکٹر کاشف کے سر پر ایک گولی ماری اور موقع سے فرار ہوگیا، واقعے کے وقت کلینک میں مقتول کے ہمراہ دوسرا ڈاکٹر اور مریض بھی موجود تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا ہے جبکہ  ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے گلشنِ معمار میں ڈاکٹر کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ڈاکٹر پر فائرنگ اور قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، طبی مرکز میں گھس کر ڈاکٹر کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ واقعے کے محرکات اور پس پردہ حقائق ہر پہلو سے سامنے لائے جائیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں جبکہ ذاتی تنازع سمیت تمام ممکنہ پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کی جائیں۔  ضیا الحسن لنجار نے کہا ہک شہر میں شہریوں بالخصوص طبی مراکز میں کام کرنے والے افراد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تحقیقات میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ وزیر داخلہ نے مقتول ڈاکٹر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔