ایکسپریس اردو
کراچی؛ ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، دو ملزمان گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے کراچی کی لائٹ ہاؤس مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہنڈی حوالہ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 51 لاکھ روپے سے زائد نقدی اور ڈیجیٹل آلات برآمد کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے ایس بی سی کراچی اسٹیٹ بینک سرکل نے ایم اے جناح روڈ کراچی پر لائٹ ہاؤس مارکیٹ اور سٹی کورٹ کے سامنے ہنڈی حوالہ کے کاروبار کے خلاف کارروائی کی، اور اس دوران محمد کاشف اور آفتاب حبیب کو حراست میں لیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزمان کی تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 51 لاکھ 74 ہزار روپے نقدی، ڈیجیٹل آلات اور دیگر مبینہ طور پر قابل اعتراض اشیا برآمد کی گئیں۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان سے پوچھ گچھ کی گئی، جس میں ان کے مبینہ طور پر ہنڈی حوالہ کے کاروبار میں ملوث ہونے سے متعلق معلومات سامنے آئیں، مذکورہ سرگرمیاں فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947، ترمیم شدہ 2020 کی مبینہ خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کو برآمد شدہ رقم اور دیگر اشیا سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے ایس بی سی کراچی پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔
ایف آئی اے ہنڈی حوالہ اور مالیاتی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ — ترجمان ایف آئی اے
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.