ایکسپریس اردو
گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرائے بڑھانے کا عندیہ، دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی بھی دھمکی
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے پر کرائے بڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی بھی دے دی۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مزید ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تو پاکستان بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھائیں گے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں سے ہمارے ٹرانسپورٹرز بے روز گار ہو رہے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے لہٰذا اسے فوری واپس لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اگست کی ہڑتال میں وزیر پیٹرولیم نے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے دسمبر اور اگست میں ملک گیر ہڑتال کی تھی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ہم نے اگست کی ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی۔
ملک شہزاد اعوان نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں نے ہم سے کیے ہوئے معاہدوں پر عمل درآمد نہ کیا تو پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز پھر سے ملک گیر ہڑتال پر ہوں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے 40 دن کا وقت مانگا تھا، وہ اگلے ہفتے ختم ہو رہا ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں گڈز ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کریں، دسمبر اور اگست کی ملک گیر ہڑتالوں کے دوران وفاقی و صوبائی حکومتوں نے جو ہم سے وعدے کیے تھے ان پر مکمل عمل درآمد کریں جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اگر حکومت کی مجبوری ہے تو ود ہولڈنگ ٹیکس اور ٹول ٹیکس سمیت دیگر تمام ٹیکسز میں ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دیا جائے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.