ایکسپریس اردو
بلاک بسٹر فلم ’میں نے پیار کیا‘ کے بعد بھی سلمان خان کئی ماہ بیروزگار کیوں رہے تھے؟
بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ سپرہٹ فلم ’میں نے پیار کیا‘ کی کامیابی کے باوجود انھیں کئی ماہ تک کوئی کام نہیں ملا تھا۔
سوشل میڈیا پر سلماں خان کے انٹرویو کی ایک پُرانی ویڈیو ایک بار پھر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ معروف ٹی وی شو ’آپ کی عدالت‘ کے کٹہرے میں اپنے کیریئر کے مشکل دور کا ذکر کر رہے تھے۔
سلمان خان نے بتایا کہ ’میں نے پیار کیا‘ کے بعد تقریباً چار سے چھ ماہ تک انھیں کسی فلم میں کام نہیں ملا تھا جب کہ ہیروئن بھاگیہ شری نے بھی مزید فلموں میں کام کے بجائے شادی کا فیصلہ کرلیا تھا۔
بجرنگی بھائی جان نے مزید بتایا کہ بھاگیہ شری کے اس فیصلے سے ’’میں نے پیار کیا‘‘ کی کامیابی کا سارا کریڈٹ اداکارہ کو ہی مل گیا اور فلم انڈسٹری میں تاثر گیا کہ فلم کی اصل اسٹار بھاگیہ شری تھیں سلمان خان خود کچھ نہ تھے۔
اپنے والد فلم ساز اور اسکرپٹ رائٹر سلیم خان کے بارے میں سلمان خان نے بتایا کہ اس مشکل وقت سے نکلنے میں میرے والد نے مدد کی تھی اور میرے فلمساز جی پی سپی سے بات کی۔
سلمان خان کے بقول میرے والد نے فلم ساز کو فون کرکے کہا کہ ان کے بیٹے کے پاس کوئی کام نہیں ہے اس لیے کم از کم ان کے ساتھ فلم سائن کرنے کا اعلان ہی کردیا جائے۔
اداکار سلمان خان نے مزید بتایا کہ جی پی سپی نے میرے والد کی یہ بات مان لی اور ایک کمرشل میگزین میں اعلان شائع ہوگیا کہ جی پی سپی نے سلمان خان کو سائن کرلیا ہے۔
اس اعلان نے سلمان کے لیے فلمی دنیا میں دوبارہ توجہ حاصل کرنے کی راہ ہموار کی اور پھر ان کا کیریئر تیزی سے آگے بڑھتا گیا۔
یاد رہے کہ سلمان خان اور بھاگیہ شری کی فلم ’میں نے پیار کیا‘ 1989 میں ریلیز ہوئی تھی اور اسی فلم نے سلمان کو بطور مرکزی ہیرو بڑی شناخت دی۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.