ایکسپریس اردو
تمباکو کے پودے میں کینسر کی اہم دوا تیار کرنے میں سائنس دانوں کو کامیابی
سائنس دانوں نے تمباکو کے ایک مخصوص پودے کو استعمال کرتے ہوئے کینسر کے علاج میں کام آنے والی اہم دوا پیسلی ٹیکسل (Paclitaxel) کی تیاری کا مکمل حیاتیاتی عمل تشکیل دے دیا ہے۔
ٹیکسال (Taxol) کے نام سے بھی جانی جانے والی اس دوا کی تیاری میں ہونے والی یہ پیش رفت مستقبل میں قدرتی ذرائع، خصوصاً یو کے درختوں پر انحصار کم کرنے کی راہ ہموار کرسکتی ہے۔
23 نومبر کو سائنسی جریدے نیچر کیمیکل بائیولوجی میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کے سائنس دان سوٹیریوس کامپرانیس کی سربراہی میں محققین نے یونیورسٹی آف ایتھنز اور فیوم یونیورسٹی کے سائنس دانوں کے ساتھ مل کر تمباکو کی ایک قسم نیکوٹیانا بینتھامیانا (Nicotiana benthamiana) میں پیسلی ٹیکسل کی حیاتیاتی تیاری کا مکمل طریقہ کامیابی سے تیار کیا۔
پیسلی ٹیکسل کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی ایک اہم دوا ہے، تاہم اس کی پیچیدہ کیمیائی ساخت اور قدرتی طور پر محدود دستیابی کے باعث اسے تیار کرنا آسان نہیں۔ اس سے پہلے بھی سائنس دانوں نے اس دوا کی تیاری کے مختلف مراحل کو حیاتیاتی طریقوں سے مکمل کرنے کی تجاویز پیش کی تھیں، لیکن نئی تحقیق میں پہلی مرتبہ پورے عمل کو ایک ساتھ کامیابی سے تشکیل دینے اور اس کی تصدیق کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
تحقیق کے دوران ماہرین نے دوا کی تیاری میں شامل مختلف مراحل، خامروں کی سرگرمیوں اور درمیان میں بننے والے کیمیائی مرکبات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان مرکبات کو الگ کرکے نیوکلیئر میگنیٹک ریزوننس (این ایم آر) تکنیک کے ذریعے ان کی ساخت کی بھی تصدیق کی گئی، جس سے حیاتیاتی عمل کے مختلف حصوں کو سمجھنے میں مدد ملی۔
محققین کے مطابق پیسلی ٹیکسل کی تیاری کا عمل پودے کے کسی ایک حصے تک محدود نہیں، بلکہ اس کے مختلف مراحل خلیے کے متعدد حصوں میں مکمل ہوتے ہیں۔ ان میں پلاسٹڈز، اینڈوپلازمک ریٹیکیولم، سائٹوپلازم اور پیروکسی سومز شامل ہیں۔ اس عمل کو کامیاب بنانے کے لیے ان خلیاتی حصوں کے درمیان درمیانی کیمیائی مرکبات کی منتقلی بھی ضروری ہوتی ہے۔
اس تحقیق کی ایک اہم کامیابی دوا کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہے۔ سائنس دانوں نے مخصوص جینیاتی اور حیاتیاتی طریقے اختیار کرکے پیسلی ٹیکسل کی پیداوار 500 گنا سے زیادہ بڑھائی۔ اس عمل کے نتیجے میں ایک گرام خشک پودے سے 61.05 مائیکروگرام دوا حاصل کی گئی، جو یو کے درخت کی چھال سے حاصل ہونے والی مقدار کے قریب بتائی گئی ہے۔
ماہرین کے نزدیک یہ پیش رفت دوا کی تیاری کے لیے ایک متبادل حیاتیاتی ذریعہ فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ تاہم اس طریقے کو بڑے پیمانے پر تجارتی پیداوار اور ادویات کی فراہمی کے لیے قابلِ عمل بنانے سے پہلے مزید تحقیق اور جانچ کی ضرورت ہوگی۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.