خوشاب میں جنگلی بٹیر کے گوشت کی کڑاہی پیش کرنے والے نجی ہوٹل کے دو ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کے مطابق جنگلی بٹیر کا گوشت فروخت کرنے پر ہوٹل کے دو ملازمین کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ خوشاب میں کتوں کی مدد سے جنگلی سور کا غیر قانونی شکار کرنے والے تین شکاری بھی گرفتار کیے گئے، شکاریوں کو 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ جنگلی بٹیر اور جنگلی سور کے غیر قانونی شکار کے مقدمات میں مجموعی طور پر پانچ ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار، اسمگلنگ اور کاروبار کے خلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے، وائلڈ لائف قوانین کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔