بھارتی شہر بنگلورو میں مقبول پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کی دو خصوصی اسکریننگز سوشل میڈیا پر تنقید اور مخالفت کے بعد منسوخ کر دی گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ڈرامے کی پہلی اسکریننگ 28 نومبر کو بنگلورو کے علاقے فریزر ٹاؤن کے ایک ریسٹورنٹ میں ہونا تھی جہاں ڈرامے کی 34ویں اور 35ویں اقساط دکھانے کے ساتھ عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جبکہ دوسری اسکریننگ 5 دسمبر کو شہر کے ایک نجی تھیٹر میں منعقد ہونا تھی۔ دونوں تقریبات کے تشہیری پوسٹرز سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد تنازع کھڑا ہو گیا۔ بنگلورو کے پولیس کمشنر آر ہتیندرا نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے منتظمین سے تفصیلات طلب کرنے کا کہا۔ تاہم بڑھتی ہوئی مخالفت کے بعد دونوں تقریبات کے منتظمین نے اسکریننگز منسوخ کرنے کی تصدیق کر دی۔ ایک تقریب کے منتظم کا کہنا تھا کہ اسکریننگ صرف اہل خانہ اور قریبی جاننے والوں کیلئے رکھی گئی تھی، تاہم تنازع کے باعث اسے منسوخ کر دیا گیا۔