ایکسپریس اردو
ایکواڈور: دھڑ جُڑے بھائی انفلوئنسرز طبی ایمرجنسی کے باعث انتقال کر گئے
اپنے پیروں پر چلنے کا خواب پورا کرنے کی کوشش کرنے والے دو دھڑ جُڑے بھائی 27 سال کی عمر میں طبی ایمرجنسی کے باعث انتقال کر گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھڑ جُڑے بھائی جوز لوئس اور جوز آرمانڈو سیبالوس ہیریرا کا تعلق ایکواڈور سے تھا۔ دونوں بحالیِ صحت کے علاج کے لیے کولمبیا گئے تھے جہاں دورانِ علاج طبیعت بگڑنے کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
دونوں بھائی کئی ماہ سے اپنے طور پر چلنے کے قابل ہونے کے لیے محنت کر رہے تھے اور ان کی نقل و حرکت بہتر بنانے کے لیے آپریشن کی تیاری بھی جاری تھی۔
تاہم، اس وقت افسوس ناک صورتِ حال پیدا ہوگئی جب جوز لوئس کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد دونوں بھائیوں کو دل سے متعلق ہنگامی طبی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں بھائی سینے اور پیلوِس کے حصے سے جُڑے ہوئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں دھڑ جُڑے بھائی 15 اکتوبر کی علی الصبح کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا کے شمال میں واقع میونسپیلٹی زیپاکیرا کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔
انتقال سے صرف دو روز قبل دونوں بھائیوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہیں بغیر کسی سہارے کے کھڑے ہونے کی مشق کرتے اور اپنے خواب کی جانب پیش رفت کرتے دیکھا جا سکتا تھا۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.