بھارتی فلمساز اور میزبان کرن جوہر کا کہنا ہے کہ ان کے شو ’کافی ود کرن‘ سے جڑے ماضی کے تنازعات کے باعث اب شوبز شخصیات اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں کھل کر گفتگو کرنے سے گریز کرتی ہیں۔ 54 سالہ کرن جوہر ان دنوں پروگرام کے آخری سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں۔ ایک خصوصی انٹرویو میں کرن جوہر نے بتایا کہ وقت کے ساتھ شو میں گفتگو کا انداز بدل گیا ہے اور پہلے جیسی بے باکی اب دکھائی نہیں دیتی۔ ان کے مطابق مہمان اس بات سے محتاط رہتے ہیں کہ کہیں ان کا کوئی بیان تنازع کا باعث نہ بن جائے۔ کرن جوہر کا کہنا تھا کہ پروگرام میں کہی گئی معمولی بات بھی بڑی خبر بن سکتی ہے، جس سے فنکاروں کے لیے تعلقاتِ عامہ کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ اسی وجہ سے مہمان اب گفتگو کے دوران زیادہ احتیاط برتتے ہیں۔