اسلام آباد: پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کل چین کے جی چوان خلائی مرکز سے تاریخی خلائی مشن پر روانہ ہوں گے، جس کے ساتھ پاکستان کی خلائی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مشن کی روانگی کا مرحلہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے شروع ہوگا، جبکہ پرواز سے قبل الوداعی تقریب رات ایک بج کر 40 منٹ پر منعقد کی جائے گی۔ الوداعی تقریب اور خلائی مشن کے مختلف مراحل پاکستان ٹیلی وژن سے براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ خلائی پرواز کے تقریباً 4 سے 5 گھنٹے بعد محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہوں گے۔ وہ دو چینی خلا بازوں کے ہمراہ تقریباً ایک ہفتہ خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے۔ اس دوران پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن ’’تیانگونگ‘‘ میں مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔ محمد ذیشان علی کی یہ پرواز پاکستان کے خلائی سفر میں اہم سنگ میل قرار دی جارہی ہے، جس سے عالمی سطح پر خلائی تحقیق کے میدان میں پاکستان کی شرکت کو نئی اہمیت حاصل ہوگی۔