وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو قانونی نوٹس ارسال کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے چوہدری سالک حسین کو بھیجے گئے قانونی نوٹس کی کاپی مسلم لیگ ن آفیشل اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہے۔ چوہدری سالک حسین کے ساتھ نجی ٹی وی کے میزبان نعیم اشرف بٹ اور چینل کے چیئرمین کو بھی قانونی نوٹس ارسال کیا گیا ہے۔ متن میں لکھا گیا ہے کہ انٹرویو میں پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات لگانے گئے، چوہدری سالک حسین نے انٹرویو میں پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں سننے اور کرپشن کی فائلوں کا ذکر کیا تھا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کے وکیل کے مطابق چوہدری سالک حسین نے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جبکہ قانونی نوٹس میں الزامات کو بے بنیاد، غیر مصدقہ اور ہتک آمیز قرار دیا گیا۔ قانونی نوٹس میں نجی ٹی وی کے میزبان پر بھی مبینہ طور پر بے بنیاد الزامات کو نشر کرنے اور بحث کو آگے بڑھانے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انٹرویو میں کسی مستند واقعے، تحقیقات یا دستاویزی شکایت کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ قانونی نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگا کر وزیراعلیٰ مریم نواز اور  پنجاب حکومت اور کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔