ایکسپریس اردو
کراچی: گھر میں گھس کر ڈکیتی کی واردات میں ملوث ڈاکو گرفتار، زیورات اور نقدی برآمد
مومن آباد پولیس نے گھر میں گھس کر ڈکیتی کی واردات میں ملوث ڈاکو کو گرفتار کرلیا ، پولیس نے لوٹے گئے طلائی زیورات فروخت کر کے حاصل کی گئی 9 لاکھ روپے نقدی اور زیورات بھی برآمد کرلیے جبکہ ساتھی کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ ماہ 17 ستمبر کو 2 ڈاکوؤں نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ایف فو میں اعجاز نامی شخص کے گھر میں گھس کر ڈکیتی کی واردات کی تھی جس کا مقدمہ مومن آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جس میں ڈاکوؤں کو گھر میں داخل ہونے اور واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
ترجمان کے مطابق مومن آباد پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران واردات میں ملوث ایک ڈاکو کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت نعیم خان ولد سلیم خان کے نام سے کی گئی۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال کیے جانے والا اسلحہ ، گولیاں ، ہلمٹ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی۔
پولیس نے گرفتار ڈاکو کے قبضے سے لوٹے گئے طلائی زیورات فروخت کر کے حاصل کی گئی 9 لاکھ روپے نقدی جبکہ ملزم کی نشاندہی پر زیورات بھی برآمد کرلیے ، مومن آباد پولیس نے گرفتار ڈاکو کے خلاف غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ سندھ آرمز ایکٹ کے تحت درج کرلیا جبکہ واردات میں شریک ساتھی کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے ۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.