ایکسپریس اردو
کراچی: شہری اغوا کیس میں مزید پولیس افسران اور اہلکاروں کے نام سامنے آگئے
ملیر کینٹ میں شہری محمد شان کے اغوا برائے تاوان کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، گرفتار پولیس انسپکٹر رسول بخش کھٹیان نے دوران تفتیش مزید پولیس افسران اور اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف کردیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ہائی پروفائل اغوا کیس میں ڈی ایس پی اے وی ایل سی امجد، ایس ایس پی اے وی ایل سی کا ریڈر محسن، اے وی ایل سی لیاقت آباد کا ہیڈ کانسٹیبل تیمور اور کانسٹیبل انعام کے نام بھی سامنے آئے ہیں، جبکہ دانش عرف سمیر اور دیگر نامعلوم ملزمان کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق 14 نومبر کو محمد شان کو سرکاری پولیس موبائل میں اغوا کیا گیا تھا۔ اغوا کاروں نے مغوی کو بتایا کہ اس نے 3 کروڑ روپے کا گھر فروخت کیا ہے، جس کے بعد رہائی کے بدلے 20 کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ مغوی کی رہائی کے لیے ایک کروڑ روپے نقد وصول کیے گئے، تاوان کی رقم نجی یونیورسٹی کے قریب کچرا کنڈی پر مغوی کے کزن آصف نے ادا کی۔ رقم وصول کرنے کے بعد ملزمان نے مزید تاوان کا مطالبہ کیا، انکار پر مغوی کی گاڑی، آئی فون اور دیگر سامان بھی چھین لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد مبینہ طور پر ملوث ریڈر محسن کراچی سے فرار ہوگیا، جبکہ اغوا برائے تاوان کیس میں ڈی ایس پی امجد کو معطل کردیا گیا ہے۔
کیس میں سامنے آنے والے دیگر ناموں اور پولیس اہلکاروں کے کردار سے متعلق اعلیٰ حکام کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.