اسلام آباد ہائیکورٹ نے موضع سید پور اراضی اور بحالی سے متعلق کیسز کے سنگل بینچ اور ڈویژن بنچ کے فیصلے جاری کردیے۔ ڈویژن بنچ کا فیصلہ جسٹس خادم حسین سومرو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے جاری کیا، عدالت  نے کہا کہ سی ڈی اے آرڈیننس 1960 کے سیکشن 32 کے تحت حاصل شدہ اراضی سی ڈی اے کی ملکیت میں آ چکی ہے۔ 25 جولائی 2008 کا خط ازخود اضافی الاٹمنٹ یا دوبارہ بحالی کا قابلِ نفاذ حق پیدا نہیں کرتا، 1996 کی بحالی پالیسی کے تحت دہرا فائدہ نہیں مل سکتا اور برسوں پرانے دعوے دوبارہ نہیں کھل سکتے، اپیل کنندگان بقایا معاوضہ یا بحالی کے کسی جائز دعوے کے لیے ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے سے رجوع کریں عدالت نے کہا کہ  سنگل بنچ میں متاثرین کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ انہیں سنا جائے اور حق بنتا ہے تو دیا جائے، متاثرین کو قانون کے مطابق سنیں، حق بنتا ہے تو دیں۔ سنگل بینچ کا حکم نامہ جسٹس انعام امین منہاس نے جاری کیا، ایک ماہ میں سی ڈی اے کو فریقین کو سن کر قانون کے مطابق شفاف اور منصفانہ میرٹ پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا،  حتمی فیصلے تک درخواست گزاروں کے خلاف کوئی منفی کارروائی نہ کی جائے۔ عدالت  نے کہا کہ درخواست گزاروں کی پہلے سے سیل کی گئی جائیدادیں فوری ڈی سیل کی جائیں، جن متاثرین کا موضع سید پور کی زمین یا گھروں کا معاوضہ باقی ہے صرف وہی ڈی سی کے پاس جائیں، جگہ خالی کروانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں،   اسلام آباد ہائیکورٹ نے سید پور ویلج میں سی ڈی اے آپریشن سے گھروں کو مسمار کرنے کے خلاف مقدمات کا فیصلہ جاری کیا۔