ایکسپریس اردو
اسلام آباد؛ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا کل اجلاس ہوگا
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اہم مذاکرات 27 اور 28 نومبر کو اسلام آباد میں ہوں گے اور اجلاس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے سیاسی اور عسکری وفود شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور وزیر دفاع خالد بن سلمان اور ترکیہ کی جانب سے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور وزیر دفاع یاشار گولر کی شرکت متوقع ہے، پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور اعلیٰ عسکری حکام مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ، علاقائی سلامتی کی صورت حال، مشترکہ دفاعی حکمت عملی اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے میں امن و استحکام اور تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔
قبل ازیں جمعرات کو تینوں ممالک کے کمیٹی کا اجلاس ہوا اور اجلاس میں کل کے اجلاس کےلیے ایجنڈا طے کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے ٹریفک ایڈوائزری جاری
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں غیرملکی وفود کی آمدورفت کے سلسلے میں ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر مختلف اوقات میں ڈائیورشنز ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر ہائی وے والی ٹریفک سہروردی روڈ، سروس روڈ جی ایٹ، سروس روڈ جی نائن، زیرو پوائنٹ، فیض آباد جانے والی ٹریفک فیصل ایونیو جبکہ نائنتھ ایونیو والی ٹریفک سروس روڈ ایسٹ استعمال کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورال سے اسلام آباد آنے والے شہری پرانا ائیرپورٹ، راول روڈ، راولپنڈی مری روڈ آئی جے پی سے فقیر ایپی روڈ، کورال ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ، کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں لہتراڑ روڈ، پارک روڈ اور نیو ائیر پورٹ اور پشاور روڈ جانے کےلیے شہری جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کریں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ بہارہ کہو سے اسلام آباد آنے والے شہری بنی گالا، پارک روڈ اور ڈائیورشنز کے دوران شاہراوں پر ٹریفک سست روی کا شکار ہوگی۔
چیف ٹریفک افیسر(سی ٹی او) کائنات اظہر خان نے کہا کہ شہری سفری مشکلات سے بچنے کے لیے 20 سے 25 منٹ کا دورانیہ رکھ کر سفر کریں۔
سی ٹی او نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت کے لیے موجود ہیں اور مزید معلومات کے لیے FM-92.4 ٹیون کریں یا اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز فالو کریں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.