ایکسپریس اردو
جدید سفری سہولیات سے آراستہ قراقرم ایکسپریس کا افتتاح
جدید سفری سہولیات سے آراستہ ریلوے کی ماڈل ٹرین قراقرم ایکسپریس نے نجی شعبہ کے تحت سفر کا آغاز کر دیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے محمد حفیظ اللہ نے میسز پرائم ریل کے ڈائریکٹرز کے ہمراہ لاہور ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کا افتتاح اور مسافروں کو کراچی روانہ کیا۔
نجی فرم میسرز پرائم ریل نے 6 نومبر تک ٹرین کی تمام کلاسز کے کرایوں میں 25فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے۔
اے سی سلیپر، اے سی بزنس، اے سی اسٹینڈرڈ اور اکانومی کلاس پر مشتمل 20 کوچوں کے ساتھ چلنے والی اس ٹرین میں مسافروں کو دوران سفر منرل واٹر، تازہ کھانا، بیڈنگ، موبائل چارجنگ، وائے فائے اور انفوٹینمنٹ سسٹم جیسی جدید سہولیات سمیت اے سی سلیپر اور اے سی بزنس کلاس میں کمپلیمینٹری سروس بھی دستیاب ہوگی۔
لاہور اور کراچی سے بیک وقت سہ پہر 3 بجے روانہ ہونے والی قراقرم ایکسپریس رائے ونڈ، ساہیوال، خانیوال، بہاولپور، روہڑی، نواب شاہ، حیدرآباد، لانڈی اور ڈرگ روڈ اسٹیشن پر اسٹاپ کرے گی اور لاہور کراچی کا درمیانی فاصلہ 19 گھنٹے میں طے کرے گی۔
قراقرم ایکسپریس کا 6 نومبر تک 25 فیصد رعایت کے ساتھ اے سی سلیپر کا کرایہ 12ہزار600 روپے، اے سی بزنس 9ہزار550، اے اسٹینڈرڈ 7ہزار 550 جبکہ اکانومی کلاس کا کرایہ 4ہزار 150روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اے سی سلیپر اور اے سی بزنس کلاس مسافروں کو اسی کرائے میں دوران سفر کمپلیمینٹری سروس بھی فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے قراقرم ایکسپریس کی کمرشل مینجمنٹ نجی فرم میسر پرائم ریل کو 3 ارب 90کروڑ 15لاکھ سالانہ میں آوٹ سورس کی ہے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.