پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ تیسرے روز میں داخل ہوگیا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن آج وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر قیادت سے مشاورت کے بعد احتجاج کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ رات حافظ نعیم الرحمن سے رابطہ کرکے لانگ مارچ چند روز کے لیے مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی جبکہ وزیراعظم نے وطن واپسی پر امیر جماعت اسلامی سے ملاقات کرکے عوام کے لیے مزید بہتر ریلیف پیکیج پر بات چیت کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف پیکیج جماعت اسلامی کو قبول نہیں اور پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی ایک سال کے لیے ختم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ جماعت اسلامی کی قیادت آج وزیراعظم کی درخواست پر مشاورت کرے گی جس کے بعد حافظ نعیم الرحمن احتجاج اور لانگ مارچ کے آئندہ مرحلے سے متعلق اعلان کریں گے۔ شیڈول کے مطابق جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ آج رات ملتان سے لاہور پہنچنا ہے۔