میر رضا قتل کیس کی جے آئی ٹی کا تیسرا اجلاس بھی بے نتیجہ ختم رہا جبکہ اہلخانہ کے وکیل جبران ناصر کی جے آئی ٹی کو بھی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا تیسرا اجلاس ڈی آئی جی ویسٹ آفس میں ہوا اور بغیر کسی حتمی نتیجے کےختم ہوگیا۔ اجلاس کی سربراہی ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے کی جبکہ اجلاس میں آئ ایس آئ، آئی بی اور این سی سی آئی اے کے افسران، میر رضا کے اہل خانہ بھی شریک ہوئے جبکہ میر رضا کے دوست احمد بھردے اور عبداللہ بھردے سمیت ویفلیکس کے ملازمین کے بیانات کا جائزہ لیا گیا۔ جے آئی ٹی کے تیسرے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول کے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں وفاقی اور صوبائی اداروں کے اعلیٰ افسران شامل ہیں جو کیس پر کام کررہے ہیں، تاہم تین ہفتوں سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود اب تک کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔ انہوں نے کہا کہ اہل خانہ کو آج بھی انصاف کی امید ہے لیکن وہ اسی وقت مطمئن ہوں گے جب میر رضا کے قاتلوں کو ان کے سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی مسلسل موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ میر رضا کے اہلخانہ انصاف کی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ پورا کراچی ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ایڈوکیٹ جبران ناصر نے کہا کہ جے آئی ٹی میں ہونے والی تفتیش کی تفصیلات سے فی الحال آگاہ نہیں کیا جاسکتا، تاہم اجلاس میں شرکت کے بعد بھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ تحقیقات کسی حتمی نتیجے پر پہنچ گئی ہیں۔ وکیل جبران ناصر نے کہا کہ متعلقہ حکام کو خط لکھ کر آگاہ کیا گیا ہے کہ اب تک جے آئی ٹی کے احکامات پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ ذوالفقار لاڑک کو ذمہ داری دی گئی تھی کہ کیس میں غفلت اور کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کی جائے، لیکن تاحال کسی افسر کے خلاف مؤثر کارروائی ہوتی نظر نہیں آرہی۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو بھی کیس کے بعض پہلوؤں کی جانچ کی ہدایت کی گئی تھی تاہم اس حوالے سے بھی اب تک صورتحال واضح نہیں کی گئی۔ جبران ناصر کے مطابق بعض افراد کے نام پہلے ہی متعلقہ حکام کو فراہم کیے جاچکے ہیں جن کے کردار کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے۔ جبران ناصر نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر اسامہ نے کیس کو خراب کرنے میں کردار ادا کیا، جس پر انہیں ملازمت سے برطرف کیا جانا چاہیے تھا، تاہم ایک مخصوص گروہ کی جانب سے مبینہ طور پر کوششیں کی جارہی ہیں کہ ڈاکٹر اسامہ کو بڑی سزا کے بجائے معمولی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل سمیع اللہ سومرو اور ڈاکٹر عامر فاروقی کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی ٹیمیں بھی دو سے تین ماہ تک کیس کی تحقیقات کرتی رہی ہیں، لیکن خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آسکے۔ اب نئی جے آئی ٹی کے تین اجلاس ہوچکے ہیں، اس کے باوجود اہلخانہ کو کسی حتمی پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا جاسکا۔ اہلخانہ اور ان کے وکیل نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس معاملے کی سنگینی کا احساس کرنا چاہیے، میر رضا قتل کیس کو حل کرنا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے۔ اہلخانہ نے واضح کیا کہ وہ انصاف کے حصول اور اصل قاتلوں کی گرفتاری تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔