ایکسپریس اردو
مشرقِ وسطیٰ میں حملوں کا خطرہ، امریکا کا اپنے شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری
واشنگٹن: امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں موجود اپنے شہریوں کو مسلح حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ حوثی گروپ کے حملوں اور خطے میں امریکی سرکاری اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی ایرانی کوششوں کے باعث سکیورٹی خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
امریکی حکومت کی جانب سے جاری سکیورٹی ہدایت میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے قیام کے ملک سے متعلق تازہ ترین حفاظتی انتباہات پر نظر رکھیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔
امریکی انتباہ میں ممکنہ سفری مشکلات سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق خطے کی کشیدہ صورت حال کے باعث پروازیں منسوخ ہوسکتی ہیں، فضائی حدود بند کی جاسکتی ہیں اور فضائی سفر سمیت دیگر سفری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے پہلے متعلقہ ملک کے لیے جاری مخصوص سکیورٹی الرٹس کا جائزہ لیں اور اپنی پروازوں اور سفری انتظامات کے بارے میں تازہ معلومات حاصل کرتے رہیں۔
یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں ممکنہ فوجی حملوں کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.