بعض اوقات پورا دن کام کرنے اور شدید تھکن محسوس کرنے کے باوجود رات کو نیند نہیں آتی۔ انسان بستر پر کروٹیں بدلتا رہتا ہے، مگر آنکھوں سے نیند غائب رہتی ہے۔ اس کیفیت کے پیچھے ذہنی دباؤ، کیفین کا استعمال، نیند کے معمول میں تبدیلی اور بعض طبی مسائل سمیت کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ نیند کے ماہر ڈبلیو کرسٹوفر ونٹر، جو کتاب ’دی سلیپ سلوشن: وائے یور سلیپ اِز بروکن اینڈ ہاؤ ٹو فکس اِٹ‘ کے مصنف ہیں، جسم کے قدرتی نظامِ نیند کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ ان کے مطابق سرکیڈیئن ردھم جسم کی اندرونی گھڑی کی طرح کام کرتا ہے، جو 24 گھنٹوں کے دوران سونے اور جاگنے کے اوقات سمیت مختلف جسمانی افعال کو منظم کرتا ہے۔ یہ نظام روشنی، اندھیرے اور جسم کی حیاتیاتی گھڑی کی مدد سے جسمانی درجہ حرارت، میٹابولزم اور ہارمونز، بشمول میلاٹونن، کے نظام کو ترتیب دیتا ہے۔ دماغ میں موجود ایس سی این (سپراچیاسمٹک نیوکلئیس) میلاٹونن کی پیداوار کو کنٹرول کرتا ہے۔ یہ ہارمون نیند کے عمل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہر کے مطابق شدید ذہنی الجھن اور پریشانی بھی اس قدرتی نظام کو متاثر کرکے نیند میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ نیند کے اوقات میں تبدیلی روزانہ ایک مقررہ وقت پر سونے والے افراد اگر اچانک اپنے معمول سے ہٹ کر بستر پر جائیں تو ممکن ہے انہیں نیند نہ آئے۔ شفٹوں میں کام کرنے والے افراد کو بھی اکثر اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے، کیونکہ ان کے کام کے اوقات بدلتے رہتے ہیں اور جسم کی اندرونی گھڑی متاثر ہوتی ہے۔ ذہنی دباؤ اور پریشانی دن بھر کی فکریں، ذہنی تناؤ اور اضطراب بھی رات کی نیند چھین سکتے ہیں۔ جسم تھکا ہوا ہونے کے باوجود دماغ مسلسل سوچوں میں مصروف رہتا ہے، جس سے سونا مشکل ہوجاتا ہے۔ سونے سے پہلے ذہنی دباؤ کم کرنے، غیر ضروری سوچوں سے توجہ ہٹانے اور ہلکی پھلکی ورزش یا آرام دہ سرگرمی اپنانے سے مدد مل سکتی ہے۔ موبائل اور دیگر ڈیجیٹل آلات کا استعمال اسمارٹ فون، ٹی وی اور دیگر اسکرینز سے خارج ہونے والی نیلی روشنی جسم کی حیاتیاتی گھڑی کو متاثر کرسکتی ہے۔ خاص طور پر سونے سے پہلے ان آلات کا زیادہ استعمال نیند کے قدرتی نظام میں خلل ڈال سکتا ہے، اس لیے بستر پر جانے سے پہلے اسکرین سے دور رہنا بہتر ہے۔ سونے سے پہلے چائے یا کافی پینا بعض افراد تھکن دور کرنے کے لیے رات کے وقت چائے یا کافی پیتے ہیں، لیکن ان مشروبات میں موجود کیفین نیند میں تاخیر کا سبب بن سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق سونے سے چھ گھنٹے یا اس سے کم وقت پہلے 400 ملی گرام کیفین استعمال کرنے سے نیند کا دورانیہ اور معیار متاثر ہوسکتا ہے۔ اسی لیے رات کو سونے سے چار سے چھ گھنٹے پہلے کیفین والے مشروبات سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق تھکن کے باوجود نیند نہ آنے کی وجوہات میں نیند کی غیر مناسب عادات، اضطراب، ڈپریشن، کیفین کا استعمال، ڈیجیٹل آلات کی نیلی روشنی، نیند سے متعلق طبی خرابیاں اور غذا بھی شامل ہوسکتی ہیں۔ اگر یہ مسئلہ مسلسل برقرار رہے اور روزمرہ زندگی متاثر ہونے لگے تو اسے معمولی سمجھ کر نظر انداز کرنے کے بجائے کسی مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔