گجرات کے علاقے کھاریاں میں نوجوان کے زخمی ہونے کا واقعہ معمہ بن گیا۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کھاریاں کے ریکارڈ کے مطابق نوجوان کو کتے نے کاٹا اسی بنیاد پر اسپتال میں اس کا علاج بھی کیا گیا۔ تاہم عزیز بھٹی شہید اسپتال گجرات پہنچنے پر نوجوان کی جانب سے بیان سامنے آیا کہ اسے کتے نے نہیں بلکہ پالتو شیر نے کاٹا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے بھی موقف اختیار کیا ہے کہ نوجوان کو شیر نے زخمی کیا۔ واقعے نے کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں کہ اگر حملہ شیر نے کیا تھا تو کھاریاں کے اسپتال میں کتے کے کاٹنے کا علاج کیوں کیا گیا؟ رہائشی علاقے میں بغیر اجازت پالتو شیر رکھنے کی اجازت کس نے دی اور اس کی قانونی حیثیت کیا ہے؟ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کھاریاں، پولیس اور عزیز بھٹی شہید اسپتال گجرات کے مختلف بیانات کے باعث واقعہ مزید پراسرار ہوگیا ہے جبکہ اصل حقیقت جاننے کے لیے مزید تحقیقات ضروری ہیں۔