کراچی ایئرپورٹ پر عمرہ زائرین سمیت بین الاقوامی مسافروں کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے منسلک ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے لازمی نفاذ پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) اور بارڈر ہیلتھ سروسز کے درمیان اختلافات سامنے آگئے اور پی اے اے نے نئی شرط کا فوری نفاذ آپریشنل مسائل کا باعث بننے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد کم از کم یکم اکتوبر تک مؤخر کرنے کی سفارش کردی۔ ذرائع کے مطابق بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کی جانب سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بین الاقوامی مسافروں کے لیے ڈیجیٹل ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کا پہلا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے، تاہم پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نئی پالیسی کے لیے مزید تیاری اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ کراچی ایئرپورٹ کے قائم مقام ایئرپورٹ منیجر محمد قاسم خلجی نے ایئرپورٹ ہیلتھ افسر کو مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 14 ستمبر سے نئی شرط کے فوری نفاذ سے ایئرپورٹ پر آپریشنل مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، پی اے اے نے سفارش کی ہے کہ نادرا انٹیگریٹڈ ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ کی تاریخ کم از کم یکم اکتوبر تک بڑھائی جائے تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ضروری تیاری کا موقع مل سکے۔ مراسلے کے مطابق مناسب پیشی اطلاع اور بین الادارہ جاتی مشاورت کے بغیر نئی ہدایت پر عمل درآمد مسافروں کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کو اس بات پر بھی تحفظات ہیں کہ فوری ویکسینیشن کی غرض سے بڑی تعداد میں مسافروں کی آمد سے ایک ہی ویکسینیشن ڈسپنسری پرغیرمعمولی دباؤ پڑ سکتا ہے۔ پی اے اے کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد مسافر دوست اور عملی حکمت عملی وضع کی جانی چاہیے جبکہ ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ کے لیے مرحلہ وار لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ مراسلے میں مزید بتایا گیا کہ چند روز قبل ہونے والے فنکشنل کنٹرول اجلاس میں بھی مختلف اداروں کی جانب سے ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کی نئی شرط کے فوری نفاذ پر آپریشنل خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔ دوسری جانب بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کا انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسینیشن سینٹر ڈیجیٹل ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے مجاز ہوگا، ویکسینیشن سرٹیفکیٹس کو نادرا پلیٹ فارم کے ذریعے ڈیجیٹل کیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر یہ سہولت صرف کراچی ایئرپورٹ پر دستیاب ہوگی۔ نظام کے تحت مسافر پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق، ڈیجیٹل رجسٹریشن اور ویکسینیشن فیس کی ادائیگی کرسکیں گے جبکہ آن لائن ادائیگی میں دشواری کی صورت میں نادرا ای سہولت فرنچائز سے بھی رجوع کیا جاسکے گا۔ بارڈر ہیلتھ سروسز کے مطابق ویکسینیشن کا تعین مسافر کی منزل، روٹ اور متعلقہ ملک کی صحت سے متعلق شرائط کے مطابق ہوگا، عمرہ و حج زائرین کے لیے میننگوکوکل اور انفلوئنزا جبکہ متعلقہ ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے پولیو اور یلو فیور ویکسینیشن کی شرائط برقرار رہیں گی۔ مزید بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ کا ویکسینیشن سینٹر صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک خدمات فراہم کرے گا جبکہ مسافروں کو روانگی سے کم از کم 10 روز قبل مطلوبہ ویکسینیشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ڈیجیٹل سرٹیفیکیشن کے نئے نظام سے ویکسینیشن کی بنیادی شرائط تبدیل نہیں ہوں گی بلکہ عالمی صحت کے ضوابط اور متعلقہ ممالک کی صحت سے متعلق موجودہ شرائط ہی برقرار رہیں گی، کراچی کے بعد دیگر پوائنٹس آف انٹری پر بھی ڈیجیٹل ویکسینیشن کی سہولت مرحلہ وار فراہم کی جائے گی۔