ایکسپریس اردو
سندھ حکومت کا ڈگری ہولڈرز کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان
سندھ حکومت نے ڈگری ہولڈرز کے لیے انٹرن شپ پروگرام نومبر سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سندھ کے سینیئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ آئی ورک فار سندھ کے پلیٹ فارم کے ذریعے ڈگری ہولڈرز کے لیے انٹرن شپ پروگرام نومبر سے شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو عملی تجربہ حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ سندھ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے اور بہتر مواقع حاصل کرنے کے لیے ایک مناسب پلیٹ فارم بھی میسر ہو۔
ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ کے پلیٹ فارم پر کمپنیوں کے اشتراک سے ہنرمند افراد کے لیے فزیکل شارٹ کورسز کا اگلا مرحلہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ ان کورسز کے ذریعے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کی مہارتوں کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں صرف روایتی تعلیم کافی نہیں، بلکہ عملی مہارت اور پیشہ ورانہ تربیت بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے، تاکہ نوجوان ملازمت کے حصول کے لیے خود کو بہتر انداز میں تیار کر سکیں۔
آئی ورک فار سندھ پلیٹ فارم کی کارکردگی کے حوالے سے شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ پلیٹ فارم پر اب تک 53 لاکھ سے زائد وزٹس ریکارڈ کی جا چکی ہیں، جبکہ رجسٹرڈ امیدواروں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 37ہزار 770 اور رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 726 ہوگئی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ اس وقت پلیٹ فارم پر 26 ہزار 677 فعال ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں، جبکہ جمع کرائی جانے والی درخواستوں کی تعداد 4 لاکھ 80ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران 4,800 امیدوار مختلف کورسز مکمل کر چکے ہیں، جبکہ تقریباً 6,000 امیدوار اس وقت مختلف کورسز میں زیرِ تربیت ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نوجوانوں کی رہنمائی اور انہیں مستقبل کے بہتر کیریئر کے انتخاب میں مدد فراہم کرنے کے لیے کیریئر کونسلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس کے تحت ہر ہفتے 18 سے 20 سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.