پاکستانی اسکول کرکٹ میں سنچری بنانے والا نوعمر وکٹ کیپر بیٹر ایڈم گلکرسٹ توجہ کا مرکز بن گیا، وہ مشہور ہونے کے ساتھ ہی بین الاقوامی خبروں کی شہ سرخیوں میں آگیا۔ سابق آسٹریلوی لیجنڈ کی طرح بائیں ہاتھ کے وکٹ کیپر بیٹر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکے۔ ایڈم گلکرسٹ نے پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکول کرکٹ چیمپئن شپ انڈر 17 میں ہیپی پیلس گرامر اسکول کراچی کے خلاف کامران پبلک اسکول کی جانب سے 108 گیندوں پر 117 رنز بنائے۔ اوپنر کی حیثیت سے ایڈم گلکرسٹ نے 145 منٹ تک کریز پر رک کر 11 چوکوں کی مدد سے سنچری جڑی۔ ان کے117 رنز کی بدولت کامران پبلک اسکول نے مقررہ 40 اوور میں 4 وکٹ پر 297 رنز بنائے اور میچ 172 رنز سے جیت لیا۔ چیمپئن شپ میں یکم ستمبر 2009 اور اس کے بعد پیدا ہونے والے کرکٹرز شریک ہیں۔ اس نو عمر کرکٹر کی والدہ نے ایڈم نام رکھا اور کرکٹ سے انسیت کی بدولت والد نے گلکرسٹ کا اضافہ کردیا۔ ایڈم گلکرسٹ کا کہنا ہے کہ میں کمار سنگاکارا کی طرح بننا چاہتا ہوں، وہ میرے پسندیدہ  کرکٹر ہیں۔ گلکرسٹ نے انڈر 15 اور انڈر 17 عمر کے  کرکٹرز کو مواقع فراہم والے پی سی بی کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو قابل تعریف قرار دیا۔