افریقی ملک ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں ایبولا کی وبا کے دوران مسلح جھڑپوں نے طبی امدادی سرگرمیاں بھی خطرے میں ڈال دیں، شدید لڑائی کے باعث عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور مقامی محکمہ صحت کے عملے کو تین روز تک اسپتال میں پناہ لینے کے بعد انتہائی مشکل حالات میں وہاں سے نکال لیا گیا۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے بتایا کہ صوبہ ایتوری کے علاقے اکوی میں اسپتال کے اندر ڈبلیو ایچ او، کانگو کی وزارت صحت اور دیگر طبی اداروں کے اہلکار تین روز سے زائد عرصے تک شدید لڑائی کے باعث محصور رہے۔ سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ ایبولا سے نمٹنے والی ڈبلیو ایچ او کی ٹیم اور شراکت دار اداروں کے عملے کو بھی عارضی طور پر دوسری جگہ منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق کانگو میں ایبولا کی تاریخ کی بدترین وبا کے دوران اب تک 11 ہزار 762 کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے 5 ہزار 775 اموات کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ملک کے مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں میں تین دہائیوں سے جاری تشدد اور بدامنی نے وبا پر قابو پانے کی کوششوں کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ ٹیڈروس کے مطابق اکتوبر کے اختتام سے مسلح حملوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ایبولا کے خلاف طبی کارروائیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ مئی میں پھیلنے والی اس وبا کا سبب بننے والے ایبولا وائرس کی بنڈی بگیو قسم کے خلاف فی الحال کوئی منظور شدہ ویکسین یا علاج دستیاب نہیں۔