ایکسپریس اردو
شمالی کوریا کا ایک اور دفاعی میزائل کا تجربہ، فرضی ایئرپورٹ پر کامیاب حملے کی مشق
شمالی کوریا نے نئے ڈیزائن کردہ فضائی دفاعی میزائل سسٹم کا تجربہ کرنے کے ساتھ طویل فاصلے تک مار کرنے والے اسٹریٹجک کروز میزائل سے حملے کی مشق بھی کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے جمعرات کو بتایا کہ دونوں فوجی مشقیں بدھ کے روز کی گئیں، جن کا مقصد ہتھیاروں کی تکنیکی صلاحیت اور جنگی اعتبار کو مزید بہتر بنانا تھا۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق نئے فضائی دفاعی میزائل سسٹم کے تجربے میں ہدف کی نشاندہی، نگرانی اور میزائل کے جدید رہنمائی نظام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ حکام نے تجربے کو کامیاب قرار دیا ہے۔
دوسری جانب مشرقی شمالی کوریا میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے اسٹریٹجک کروز میزائل سے فرضی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی مشق کی گئی، جس میں میزائل یونٹ نے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق بدھ کو شمالی کوریا کے علاقے سونڈوک سے متعدد میزائل بحیرہ جاپان کی جانب داغے جانے کا بھی پتا چلا تھا۔
رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا حالیہ ہفتوں میں کلسٹر بموں، حملہ آور ڈرونز، جدید ٹارپیڈو سسٹم اور ہائپرسونک میزائل سمیت مختلف ہتھیاروں کے تجربات کرچکا ہے، جبکہ امریکا اور جنوبی کوریا کے ساتھ اس کے تعلقات میں بھی کشیدگی برقرار ہے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.