بالی ووڈ اداکار عامر خان شادی کے چند ماہ بعد اپنی اہلیہ گوری سپراٹ کے ہمراہ نئے گھر کی تلاش میں ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کے رواں سال کے اختتام یا 2027 کے آغاز میں نئی رہائش گاہ منتقل ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹس کے مطابق عامر خان اس وقت اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ممبئی کے پالی ہل علاقے میں ایک کرائے کی عمارت کے چار اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر ہیں۔ تاہم عمارت کی انتظامیہ نے تعمیرِ نو سے متعلق معاہدہ حتمی شکل دے دیا ہے، جس کے باعث اداکار اور ان کے اہلِ خانہ کو موجودہ جگہ خالی کرنا ہوگی۔ عامر خان اور گوری سپراٹ کے نئے کرائے کے گھر کی تزئین و آرائش بھی جاری ہے۔ اسے اداکار کی ضروریات اور پسند کے مطابق تیار کیا جارہا ہے۔ عامر خان اس سے قبل بھی ممبئی کے یونین پارک میں واقع اپنے مستقل گھر سے تعمیرِ نو کے باعث منتقل ہوچکے ہیں۔ ان کی مستقل رہائش گاہ بیلا وسٹا اور مرینا اپارٹمنٹس کمپلیکس میں واقع ہے، جہاں تعمیراتی کام جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گھر کی تعمیر مکمل ہونے میں کئی سال لگ سکتے ہیں اور اس کی تکمیل 2030 کے قریب متوقع ہے۔