بھارت میں پان مصالحے کی تشہیر کے لیے متبادل مصنوعات کے نام استعمال کرنے کا معاملہ ایک بار پھر تنازع کا باعث بن گیا ہے۔ معروف اداکار اجے دیوگن اور مہاراشٹر کے فوڈ کمشنر طکارام مونڈھے کے درمیان ومل الائچی کے اشتہار پر قانونی اختلاف پیدا ہوگیا ہے، جس میں شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف بھی نظر آتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں شراب اور تمباکو کی تشہیر پر پابندی کے باعث بعض کمپنیاں اپنی اصل مصنوعات سے ملتے جلتے ناموں کے تحت دوسری اشیا کے اشتہارات پیش کرتی ہیں۔ اشتہارات کی اس حکمت عملی کو ’سرروگیٹ ایڈورٹائزنگ‘ کہا جاتا ہے، جس کے ذریعے بظاہر کسی دوسری چیز کی تشہیر کی جاتی ہے، لیکن اصل مقصد ممنوعہ مصنوعات کے برانڈ کو نمایاں رکھنا ہوتا ہے۔ تنازع کا شکار ومل الائچی کا اشتہار بھی اسی نوعیت کا قرار دیا جارہا ہے۔ اس میں اجے دیوگن، شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف کو زعفران کے ساتھ ہولی کھیلتے دکھایا گیا ہے۔ یوٹیوب پر اس اشتہار کو 10 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ مہاراشٹر کے فوڈ کمشنر طکارام مونڈھے کا مؤقف ہے کہ ومل بنیادی طور پر پان مصالحے کے برانڈ کے طور پر پہچانا جاتا ہے، جب کہ ریاست میں پان مصالحے پر پابندی عائد ہے۔ ان کے مطابق الائچی کے نام سے جاری کیا جانے والا اشتہار دراصل پان مصالحے کی بالواسطہ تشہیر ہے۔ اسی بنیاد پر انہوں نے تینوں اداکاروں کو اشتہار بند کرنے کے لیے قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ دوسری جانب اجے دیوگن نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے اس نوٹس کو چیلنج کیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ جب الائچی کی فروخت یا تشہیر پر کوئی پابندی نہیں تو اس کی تشہیر روکنے کا جواز کیا ہے؟ واضح رہے کہ بھارت میں پان مصالحے کی صنعت کا کاروبار تقریباً پانچ ارب ڈالر بتایا جاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق پان مصالحے کا استعمال منہ کے کینسر کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ اب اس معاملے کا فیصلہ ممبئی ہائی کورٹ کرے گی کہ ومل الائچی کا اشتہار ایک جائز مصنوعات کی تشہیر ہے یا اس کے ذریعے پابندی کی زد میں آنے والے پان مصالحے کو بالواسطہ طور پر فروغ دیا جارہا ہے۔ اگر عدالت نے فوڈ کمشنر کے مؤقف کو درست قرار دیا تو اشتہار میں کام کرنے والے اداکاروں کو جرمانے یا دیگر قانونی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔