اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے سابق سربراہ ڈیوڈ بارنیا نے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالات اجازت دیتے ہی فوجی کارروائی کی جانی چاہیے۔ اسرائیلی اور بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ بارنیا نے یروشلم میں یورپی قیادت سے متعلق ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت کے ساتھ سفارتی معاہدہ کامیاب نہیں ہوسکتا کیونکہ تہران کا بنیادی مقصد جوہری ہتھیار حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں موجودہ نظام کے خاتمے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات ضروری ہیں اور اگر اس مقصد کے لیے دوبارہ جنگ لڑنا پڑے تو ایسا کرنا چاہیے۔ فوجی کارروائی کا وقت اسی وقت ہوگا جب تمام حالات اس کی اجازت دیں۔ ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کی بحری ناکہ بندی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایران اپنے دفاع کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کرے گا۔ ان کے بقول تہران آبنائے ہرمز اسی صورت کھولے گا جب واشنگٹن اس کے مطالبات تسلیم کرے گا جن میں پابندیوں کا خاتمہ اور ناکہ بندی روکنا شامل ہے۔ امریکا نے ایرانی تیل کی برآمدات سے متعلق بحری ناکہ بندی 13 اپریل کو نافذ کی تھی جون میں عارضی طور پر اٹھائی اور 14 جولائی کو دوبارہ بحال کردی تھی۔ دوسری جانب اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر اعظم نیتن یاہو ایران پر ممکنہ حملے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں تاہم اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس نے خبردار کیا ہے کہ نئی کارروائی سے لبنان، شام اور غزہ تک علاقائی جنگ پھیل سکتی ہے۔