عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں پانچ ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار ہیں جبکہ سعودی عرب پر حوثی حملوں کے تسلسل اور عالمی توانائی کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات نے قیمتوں کو سہارا دیا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعے کو ایشیائی کاروباری اوقات کے آغاز پر عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت 0.2 فیصد کمی کے بعد 112.96 ڈالر فی بیرل رہی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 0.3 فیصد گھٹ کر 98.12 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ معمولی کمی کے باوجود تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ جمعرات کو برینٹ خام تیل کی قیمت میں 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ مئی کے اوائل کے بعد اپنی بلند ترین اختتامی سطح پر پہنچ گیا۔ ہفتہ وار بنیاد پر برینٹ خام تیل مسلسل تیسرے ہفتے اضافے کی جانب گامزن ہے، جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی میں تین ہفتوں کے دوران پہلی مرتبہ ہفتہ وار کمی کا امکان ہے۔ ماہرین کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ سعودی عرب پر حوثی حملوں کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کی صورت میں عالمی توانائی کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے یا نہیں۔ تیل کی فراہمی میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا اہم سبب بن رہے ہیں۔