وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی خلائی پرواز محض ایک مشن نہیں بلکہ پاکستان کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے، پوری قوم کو اپنے قومی ہیرو پر فخر ہے اور یہ تاریخی لمحہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بنے گا۔ پاکستانی اور چینی خلا بازوں کی روانگی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ شین ژو 24 مشن پر تین خلا باز روانہ ہوئے ہیں، جن میں پہلے پاکستانی خلا باز ذیشان علی بھی شامل ہیں۔ اس تاریخی منظر کو دیکھ کر پیدا ہونے والے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ٹیلی ویژن اسکرینوں پر یہ یادگار لمحے دیکھے جبکہ چین میں ہزاروں افراد صبح سویرے اس تاریخی پرواز کا مشاہدہ کرنے کے لیے جمع ہوئے۔ یہ ایک خواب کی تعبیر اور پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش سنگ میل ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2017-18 میں وہ اپنے چینی دوستوں سے بارہا کہتے رہے کہ پاک چین تعاون کو سی پیک کے بعد خلائی شعبے تک بھی وسعت دینی چاہیے۔ آج چینی خلائی مشن میں پاکستانی خلا باز کی شرکت اسی خواب کی عملی تعبیر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ذیشان علی کی خلائی پرواز سے بہتر تحفہ نہیں ہوسکتا۔ امید ہے کہ اس کامیابی سے پاکستان کے نوجوان خلائی تحقیق اور جدید سائنسی علوم کی طرف راغب ہوں گے۔ انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفر اختتام نہیں بلکہ ایک نئی شروعات ہے، اس تاریخی کامیابی کی بازگشت آنے والی نسلوں تک پہنچے گی۔ پاک چین دوستی زندہ باد۔