ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کے بعد چار پولیو ورکرز کو اغوا کرلیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹانک کی یونین کونسل شیخ اتار کے علاقے گاؤں جیوس میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ورکرز کو اغوا کیا۔ پولیس کے مطابق مسلح افراد چاروں پولیو ورکرز کو اپنے ساتھ لے کر نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ دریں اثنا آج خیبر پختونخوا کے اضلاع ہنگو، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، ہنگو میں ڈی پی او صلاح الدین کنڈی، بنوں میں ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی پی او ضیاء الدین احمد انسدادِ پولیو مہم کے سیکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ کے استعمال، موبائل فون سے گریز اور دورانِ ڈیوٹی مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔۔