ایشین گیمز ایچی ناگویا 2026 میں سلور اور دو کانسی کے تمغے جیتنے والی پاکستان کی اسکواش ٹیم کی وطن واپسی پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اسکواش کے شائقین، کھلاڑیوں کے اہل خانہ، مداحوں اور کھیلوں سے وابستہ حکام کی بڑی تعداد نے قومی ہیروز کا استقبال کیا اور براعظمی کھیلوں میں ان کی عمدہ کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔ وطن واپس پہنچنے والے کھلاڑیوں کا تالیوں، نعروں اور قومی جذبات کے اظہار کے ساتھ استقبال کیا گیا جبکہ مداحوں نے ٹیم کی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) نے قومی ٹیم کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پہنچنے والے شائقین، اہل خانہ، حکام اور اسکواش سے محبت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ فیڈریشن نے امید ظاہر کی کہ ایشین گیمز میں قومی ٹیم کی کارکردگی پاکستان میں اسکواش کے فروغ کو مزید تقویت دے گی اور نئی نسل کے کھلاڑیوں کو کھیل کی جانب راغب کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔