ایکسپریس اردو
گوجرانوالہ ضمنی انتخاب؛ وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ کو ضابطے کی خلاف ورزی پر نوٹس
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-77 میں ضمنی انتخاب کے حوالے مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کو نوٹس جاری کردیا۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لاہور کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ این اے-77 گوجرانوالہ میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر الیکشن کمیشن کی طرف سےنوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عطا اللہ تارڑ نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی انتخابی مہم میں شرکت کی، وفاقی وزرا کی انتخابی مہم میں شرکت ضابطہ اخلاق کے پیرا 18 اور 41 کی خلاف ورزی ہے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انتخابی مہم پر پابندی کے دوران شرکت پر سیکشن 182، الیکشنز ایکٹ 2017 کے تحت بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو 8 نومبر صبح 11 بجے وضاحت کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ عدم پیشی کی صورت میں دستیاب ریکارڈ پر کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.