جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مسائل حل کرنے کے بجائے عوام کو خون بہانے کی دھمکیاں دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل کالونی ٹاؤن کے تحت ملیر و ماڈل کالونی ٹاؤن میں سعود آباد، ملیر چورنگی پر تاریخی ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں  یوسی 3 ماڈل کالونی ٹاؤن میں افتتاحی تقریب تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی،امیر جماعت اسلامی ضلع ایئرپورٹ محمد اشرف، ٹاؤن چیئرمین ماڈل کالونی ظفر احمدنے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرامیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان،رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، یوسی 3ماڈل ٹاؤن کے چیئر مین عبد المعز اور دیگر یوسیز کے چیئرمین  بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، ہار پہنائے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں گئیں،نوجوانوں نے پر جوش نعرے لگائے اور آتش بازی بھی کی گئی۔ حافظ نعیم الرحمن نے بیضاء مسجد روڈ،ماڈل محلے، اوپن ائیر جم سمیت دیگر تکمیل شدہ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اقلیتی برادری کے نمائندوں اور معززین علاقہ نے حافظ نعیم الرحمن کو گلدستے پیش کیے۔ حافظ نعیم الرحمن نے ٹاؤن چیئرمین، یوسی چیئر مین اور پوری ٹیم کو اور اہل ملیر و سعود آباد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہمیں ووٹ دیے اور ہمارے نمائندوں نے ثابت کیا کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، عوام نے جماعت اسلامی کو سب سے زیادہ ووٹ دیے اور ہمارا میئر آرہا تھا لیکن میئر شپ پر ڈاکا ڈالا گیا اور پیپلز پارٹی کا میئر مسلط کیا گیا لیکن اس کے باوجود ہم نے اپنے وعدے کے مطابق اختیارات و وسائل سے بڑھ کر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور کے ایم سی میں کرپشن اور نا اہلی کا راج ہے اور بھاری بجٹ ہونے کے باوجود کراچی کے عوام بے شمار مسائل کا شکار ہیں، کراچی صرف ایک شہر نہیں بلکہ پورے پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے، یہاں ہر زبان بولنے والے رہتے ہیں، یہ شہر پورے ملک کی معیشت چلا رہا ہے لیکن عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ حافظ نعیم نے کہا کہ نوجوان تعلیم اور روزگار سے، عوام، بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ سے محروم ہیں،ہم پورے ملک میں ایک یکساں نظام تعلیم لانا چاہتے ہیں تاکہ ملک کے ہر بچے کو تعلیم کے مواقع برابر میسر ہوں، ہم عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، عوام کو ٹرانسپورٹ ملے، بجلی، پانی، تعلیم، صفائی ستھرائی کے مسائل حل ہوں۔