وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستمبر 2026 کے دورہ لندن کے اخراجات کی تفصیلات طلب کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کروا دی گئی۔ اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی وقاص محمود نے تحریک التواء جمع کروائی، جس میں وزیراعلیٰ کے دورہ لندن کے لیے سرکاری جہاز کے استعمال اور سفری اخراجات کی تفصیلات ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تحریک التواء کے متن کے مطابق 17 ستمبر 2026 کو سفری اخراجات کی مد میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے جمع کروائے گئے۔ یہ رقم بینک آف پنجاب کے چیک کے ذریعے عمر عباس کی وساطت سے جمع کرائی گئی، تاہم رقم جمع کروانے والے اکاؤنٹ اور اکاؤنٹ ہولڈر کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ تحریک میں کہا گیا ہے کہ کیا وزیراعلیٰ اپنی ڈکلیئرڈ آمدن کے مطابق یہ سفر برداشت کرسکتی ہیں یا نہیں، یہ بھی باعث تشویش ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری جہاز سے متعلق اب تک متضاد جوابات دیے گئے ہیں۔ متن کے مطابق جہاز چلانے کے لیے دو غیر ملکی پائلٹس بھی تعینات کیے گئے ہیں، جن کی مجموعی ماہانہ تنخواہ تقریباً 70 ہزار ڈالر ہے۔ وقاص محمود نے تحریک التواء میں معاملے کو عوامی اہمیت کا حامل اور فوری نوعیت کا قرار دیتے ہوئے سرکاری وسائل کے استعمال، مالیاتی نظم و ضبط اور قومی خزانے کے تحفظ سے متعلق تمام تفصیلات ایوان میں زیر بحث لانے کی اجازت طلب کی ہے۔