ایکسپریس اردو
ایران کا امریکا سے مذاکرات سے انکار، سات شرائط پوری ہونے تک بات چیت نہیں ہوگی، قالیباف
ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تہران کی جانب سے پیش کردہ سات شرائط پوری ہونے تک واشنگٹن سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی جارحانہ اقدام کے نتیجے میں جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہوسکتا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب سے وابستہ خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور امریکا کی حالیہ دھمکیاں اس کی مایوسی کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کسی بھی جارحانہ کارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر واشنگٹن نے کوئی غلط اندازہ لگایا تو تنازع جغرافیائی طور پر مزید پھیل سکتا ہے۔
قالیباف کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے حالیہ بیانات کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا تھا کہ امریکا ایران کے غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ نے پیر کے روز ایران سے منسلک دو درجن سے زائد ایکسچینج ہاؤسز، فرنٹ کمپنیوں اور اہم عہدیداروں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی سات شرائط میں ایرانی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنا، پابندیوں میں نرمی، منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی، تمام محاذوں پر جنگ بندی اور جنگ کے باضابطہ خاتمے کا اعلان شامل ہیں۔
قالیباف کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ ایران نے مذاکرات کے لیے اپنی شرائط برقرار رکھی ہیں اور امریکی اقدامات کو کشیدگی میں اضافے کا سبب قرار دے رہا ہے۔
Shown as published in the source's RSS feed. IndiaAIFounders doesn't link out to third-party sites — this is the complete detail available from the feed itself.