لاہور میں کینال یوٹرن ٹھوکر فلائی اوور کے قریب مغل آئی اسپتال کٹ پر ٹریکٹر ٹرالی کا فرنٹ ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہوکر موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار مرد اور خاتون شدید زخمی ہوگئے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق دونوں زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔ جاں بحق افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی صدر سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور محمد نوید کو حراست میں لے کر تھانہ نواب ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہےجبکہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے حادثے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔